کیپ ٹاؤن:چار سال قبل تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے جنوبی افریقی جارح مزاج بلے باز اے بی ڈی ویلرز نے کرکٹ میں واپسی کاعندیہ دے کراپنے مداحوں کو بھی حیران کردیا۔ اپنے ایک بیان میں اے بی ڈی ویلیئرز نے تصدیق کی کہ شائقین کرکٹ ایک بار پھر انہیں میدان میں کرکٹ کھیلتا دیکھیں گے ۔ وہ رواں سال ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوسرے ایڈیشن میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کریں گے۔
اے بی ڈی ویلرز نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے ایک بار پھر کرکٹ کھیلنے کا شوق پیدا ہورہا ہے، اس لیے میں دوبارہ جم اور نیٹس میں جا رہا ہوں۔ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز ایک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ہے جس میں ریٹائرڈ اور غیر معاہدہ شدہ کرکٹ لیجنڈز حصہ لیتے ہیں۔ کرکٹ ماہرین کےمطابق اس اعلان کے بعد اگر اے بی ڈی ویلرز فارم میں نظر آئے تو عین ممکن ہے وہ کسی ٹی ٹوینٹی فرنچائز کو بھی گرین سگنل دے دیں۔