اسلام آباد : پاکستان میں منظور ہونے والے نئے پیکا ایکٹ پر صحافی تنظیموں نے شدید احتجاج کیا ہے ۔ لاہور ، اسلام آباد ، کراچی پریس کلبس کے علاوہ پی ایف یو جے نے بھی احتجاج ریکارڈ کرایا اور اس متنازع قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ صحافی تنظیموں کے مطابق اس بل سے میڈیا کی آذادی پر قدغن لگیں گے ۔ کنٹرولڈ میڈیا مزید پروان چڑھے گا جس سے میڈیا ہاؤسز متاثر ہونگے ۔ نئے قانون کےمطابق اب اتھارٹی کو آن لائن مواد ہٹانے کا اختیار حاصل ہوگا۔ الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام (ترمیمی) ایکٹ 2025ء مسودے کی کاپی میں ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ڈی آر پی اے کو آن لائن مواد ہٹانے کا اختیار حاصل ہوگا، اتھارٹی کو ممنوعہ یا فحش مواد تک رسائی حاصل کرنے کا اختیار ہوگا، اتھارٹی کو ممنوعہ مواد شیئر کرنے پر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا بھی اختیار ہوگا۔