اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت پر اظہار برہمی کرتے ہوئےکہا ہے کہ احتجاج کے دوران انتظامیہ نے امن بحال کرنا تھا، مگر آپ نے تو پوراشہر ہی بند کر دیا۔ حکومت کو شہریوں، تاجروں اور مظاہرین کے بنیادی حقوق کا خیال رکھنے کا کہا تھا۔ دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق حکومت اور انتظامیہ پر برہم دکھائی دیئے ۔24 نومبر کے پی ٹی آئی احتجاج کے خلاف تاجروں کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے کی۔
ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ، اسٹیٹ کونسل ملک عبد الرحمان اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے مزید ریمارکس دیئے کہ میڈیا پر ہر جگہ کہا اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر پر ہم اجازت نہیں دے رہے، عدالت نے آپ سے کہا تھا کہ شہریوں، تاجروں اور مظاہرین کے بنیادی حقوق کا خیال رکھیں۔