کراچی ( سٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدرعارف علوی کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔عارف علوی کے وکیل نے بتایا کہ عدالت نے تین مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کی تھی، سیاسی انتقام کی وجہ سے نامعلوم ایف آئی آرز میں گرفتاری کا خدشہ ہے، ہم نے مقدمات کے اندراج سے متعلق حکم امتناع کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے ۔
عدالت کو مزید بتایا کہ گرفتاری ہو گئی تو ہم اس عدالت کے دائرہ اختیار سے نکل جائیں گے۔اس موقع پر جسٹس ثنا اکرم منہاس نے ریمارکس دیے کہ ہم حکم امتناع جاری نہیں کررہے ہیں،یہ اپنے آپ کو کچھ دن کے لیے بچالیں گے۔ حلیم عادل شیخ کے ساتھ ایسا ہو چکا ہے، جس پر جسٹس ارباب علی ہکڑو نے کہا ہمارے سامنے ایف آئی آرز نہیں کیسے روک سکتے ہیں؟عارف علوی کے وکیل نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ سماعت تک گرفتار نا کیا جائے۔