خضدار ( مانیٹرنگ ڈیسک ) ضلع خضدار کی تحصیل زہری کے مرکزی بازار پرمسلح افراد نے بڑا حملہ کیا ہے ۔ لیویز فورس سٹیشن ، نادرا اور میونسپل کمیٹی کے دفاتر پر حملے کئے گئے ،سرکاری عمارتوں کو آگ لگانے کے بعد بینک لوٹ لیا۔ انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد مسجد میں اعلان کرتے رہے کہ انہوں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے کوئی مزاحمت نہیں کرے گا۔ ۔ دہشت گردوں نے رات گیارہ بجے کے قریب قریبی پہاڑوں سے حملہ کرتے ہوئے علاقے پر مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ حملہ کیا ۔
انہوں نے زہری کے تحصیل ہیڈکوارٹرز میں بازار اور دیگر مقامات پر مسلح افراد کو تعینات کیا۔ پوزیشنیں سنبھالیں ، اردگرد چیک پوائنٹس بنائیں تاکہ سکیورٹی فورسز کے آپریشن کی صورت میں بھرپور جواب دیا جا سکے ۔ انگریزی اخبار نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی لکھا کہ دہشت گردوں نے سب سے پہلے لیویز تھانے پر حملہ کیا، اہلکاروں کو یرغمال بنایاجس کےبعد انہیں باہر نکال کر عمارت جلا دی ۔ دوسری جانب کوئٹہ میں بینک حکام کے مطابق مسلح افراد نے بعد ازاں نجی بینک کی برانچ پر حملہ کیا اور عملے کو یرغمال بنا کر نو کروڑ روپے لوٹ لئے ۔ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔