کراچی ( سٹاف رپورٹر ) پسند کی شادی پر جرگے کے ذریعے باجوڑ سے علاقہ بدر کیے گئے میاں بیوی کو کراچی میں ابدی نیند سلا دیا گیا۔ اولڈ سٹی ایریا نیپیئر تھانے کے علاقے میں فائرنگ کرکے قتل کیے جانے والے خاتون اور مرد کی شناخت ہو گئی ہے ۔ دونوں میاں بیوی تھے اور کچھ عرصے سے نیپیئر روڈ رہ رہے تھے ۔ پولیس کے مطابق مقتولین کوپسند کی شادی کرنے پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ۔ قتل ہونے والے شخص کا نام عطاللہ ولد پیرمحمد خان تھا جبکہ خاتون کا نام رہادیہ عرف ثمرین دختر محمد گل تھا۔
مقتولین کا آبائی تعلق باجوڑ ایجنسی سے تھا اور انہوں نے 2 سال قبل پسند کی شادی کی تھی جس کے بعد انہیں دھمکیاں مل رہی تھیں ، اس دوران جرگہ منعقد کیا گیا جس کے بعد فیصلہ ہوا کہ انہیں علاقہ بدر کر دیا جائے ۔ دونوں جرگے کے حکم کےبعد کراچی منتقل ہو گئے ۔ لیاری کے ایک نجی ہوٹل میں بھی قیام کیا اور پھر نیپیئر کے علاقے لیاری میوہ شاہ مسجد کے قریب کرایے پر مکان لے لیا۔گزشتہ روز دونوں رکشے میں سوار ہوئے تو گھات لگائے ملزموں نے فائر کھول دیا اور فرار ہو گئے ۔