اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بڑے الزامات عائد کر دیئے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ علی امین گنڈا پور کی ٹیم نے بشریٰ بی بی کو حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے ۔ بشریٰ بی بی سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا۔ ہمیں نہیں معلوم وہ کہاں ہیں۔ مریم وٹو نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کو نہیں معلوم کہ ان کو کہاں رکھا گیا ہے۔ اسلام آباد میں آپریشن کے کئی گھنٹے بعد تو ہمیں یہ معلوم ہی نہیں تھا کہ بشریٰ بی بی کہاں ہیں۔ بس یہی بتایا جارہا تھا کہ وہ خیبر پختونخوا چلی گئی ہیں لیکن مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ وہ اس طرح آرام سے نکل کرخیبر پختونخوا چلی جائیں گی ۔ بشریٰ بی بی ڈی چوک رکنا چاہتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ان سے رابطہ نہیں ہورہا تھا، میں ان کی خیریت پوچھنے کیلئے سب کو کال کررہی تھی، پھر پتا چلا کہ وہ پختونخوا میں ہیں۔ مریم ریاض وٹو نے کہا کہ انہوں نے سب کو کہا کہ بشریٰ بی بی سے رابطہ نہیں ہو رہا۔ میں ساری رات سو نہیں سکی ۔ بدھ کی دوپہر تک میں سب کو کہتی رہی کہ بشریٰ بی بی اگر ٹھیک ہیں تو ان سے رابطہ کروا دیں ۔ کچھ دیر بعد اپنی مدد آپ کے تحت میرا بشریٰ بی بی سے رابطہ ہوا ۔ میں نے سب سے پہلے یہی پوچھا کہ کیا آپ اپنی مرضی سے خیبر پختونخواہ گئی ہیں؟ تو انہوں نے سیدھا کہا کہ نہیں۔ فائرنگ ہورہی تھی انہوں نے مجھے وہاں سے نکالا، پھر گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوگیا۔ مجھے تو یہ بھی نہیں معلوم کہ میں اب کہاں ہوں۔