اسلام آباد( سٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ نے ججز تعیناتی کے معاملے پر کھل کر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹو کی اکثریت سے سیاسی تعیناتیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور جوڈیشل کمیشن میں عدلیہ اقلیت جبکہ ایگزیکٹو اکثریت میں ہیں جس سے توازن بگڑ رہا ہے۔ ججز تعیناتی کیلئے رولز بنانے کے معاملے میں جسٹس منصور علی شاہ نے بھی اپنی تجاویز ارسال کی ہیں ۔ انہوں نے رولز میکنگ کمیٹی کے سربراہ جسٹس جمال مندوخیل کو خط لکھا ہے ۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ ججز تعیناتی میں عدلیہ کا اہم کردار ہوتا تھا، چھبیسویں ترمیم کے بعد یہ توازن بگڑ چکا ہے، اب ججز تعیناتی میں ایگزیکٹو کا کردار بڑھ چکا ہے۔ ایک بھی تعیناتی سخت رولز کی کسوٹی کے خلاف ہوئی تو عدلیہ پر اعتماد میں کمی آئے گی۔