کراچی ( سٹاف رپورٹر ) ہم سب نیوز کے مطابق سندھ کے علاقے سجاول میں شاہ بندر بلاک سے قدرتی گیس اور ہلکے تیل کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ پاکستان پیڑولیم نے حکومت کو نئے ذخائر سے آگاہ کر دیا ہے ۔ قدرتی ذخائر کی دریافت سے متعلق معلومات پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔ شاہ بندر بلاک میں جھم ایسٹ ایکس ون سے یومیہ 10 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس ذخائر مل سکیں گے ۔ جھم ایسٹ ایکس ون کنوئیں سے یومیہ 150بیرل سے زائد ہلکے تیل کے ذخائر بھی ملے ہیں جنہیں استعمال میں لایا جا رہا ہے ۔ مذکورہ ذخائر سے ملک کو فائدہ ہوگا اورطلب پوری کرنے میں مدد ملے گی ۔ واضح رہے کہ شاہ بندر فیلڈ سے گیس سجاول پراسیسنگ پلانٹ کے ذریعے سوئی سدرن سسٹم میں شامل ہورہی ہے۔