اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ) آئی ایس پی آر کے مطابق سانحہ 9 مئی کیسز کی سزاؤں پر عملدرآمد کے دوران مجرمان نے رحم اور معافی کی اپیلیں دائرکی ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر67 مجرمان کو قانونی حق دیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کے لیے”کورٹس آف اپیل“ میں نظرثانی کیلئے ارسال کیا گیا، 19 مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق رحم کی پٹیشنز پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا۔ ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان کو رہا کر دیا جائے گا۔ آئی ایس پی آرکےمطابق تمام مجرمان کے پاس بھی اپیل اور قانون اور آئین کے مطابق دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں، سزاؤں کی معافی ہمارے منصفانہ قانونی عمل اور انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے، یہ نظام ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔