اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ) عمران خان نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پورکی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے اس ملاقات کوخوش آئند قرار دے دیا ہے ۔ اڈیالہ جیل کے باہر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کےآرہے ہیں ۔عمران خان نے تحریک انصاف کے وفد کی آرمی چیف سے ملاقات کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو عمران خان ہدایات دیتے ہیں میں وہی کرتا ہوں۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اس ملاقات کو خوش آئند قرار دیا ہے، ملکی استحکام کے لیے یہ بہت ضروری ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے دروازے بات چیت کے لیے کھلے ہیں ۔ ہمارے 2 ہی مطالبات ہیں کہ جوڈیشل کمیشن بنے اور وہ دو واقعات کی انکوائری کرے۔ملاقات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے ہماری ملاقات پشاور میں ہوئی ہے ۔ ہم نے اپنا موقف ان کے سامنے رکھ دیا ہے ۔