واشنگٹن: امریکی صدر نے حیرت انگیز طور پر چین کی حمایت میں بیان دے کر سب کو حیران کر دیا۔ روس اوریوکرین کے تنازع پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر روس مذاکرات کی میز پر نہ آیا تومزید پابندیاں لگائیں گے ۔ انہوں نے یوکرین مسئلے کے حل کے لیے چینی صدر سے مدد مانگ لی ۔ انہوں نے کہا کہ کیلیفورنیا میں جاری آگ سے ہونے والے نقصانات پر سخت تشویش ہے۔ کیلیفورنیا میں پانی کی دستیابی سے متعلق ایک آرڈر جاری کریں گے تاکہ ان مسائل پر قابو پایا جا سکے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نےٹک ٹاک کی ملکیت امریکا میں لانے کی بات چھیڑ دی ۔ امریکی صدر نے کہا ٹک ٹاک مجھے بہت پسند ہے ، ایلون مسک اگر اسے خریدنا چاہیں تو میں ڈیل کرا دوں گا۔ کسی امریکی کو ہی یہ ایپ خریدنا چاہیےاس کےلئےایلون مسک موزوں شخصیت ہیں ۔
ٹک ٹاک کےمالک سےملاقات کا انکشاف کرتےہوئےانہوں نےکہا کہ اگر کوئی کمپنی ٹک ٹاک خریدے تو اس معاہدے کی آدھی آمدنی امریکا کو ملنی چاہیے۔ صدر ٹرمپ نے امریکا میں مصنوعی ذہانت (AI) کا نیا منصوبہ شروع کرنے کابھی اعلان کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے 100,000 ملازمتیں پیدا ہوں گی اور اس پر 500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی جو کہ بہت زیادہ ہے ۔ امریکا کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کریں گے ۔