اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ) حکومت پاکستان نے 1500پاکستانیوں کے پاسپورٹ سات سال کے لئے بلاک کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔ وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق عراق سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تھے ۔ عراق نے چھ ماہ میں 1500پاکستانی ڈی پورٹ کئے ہیں ۔ ان میں سے بارہ سو سے زائد پاکستانی عراق میں گرفتار ہوئے تھے جو کہ مختلف جرائم میں ملوث پائے گئے ۔ ایک پاکستانی اخبار کی رپورٹ کے مطابق عراق میں چوری کی وارداتوں ، منشیات بیچنے اور بھکاریوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ ان کیسز میں پاکستانی بھی ملوث پائے گئے جس کے بعد عراقی حکومت نے کریک ڈاؤن شروع کیا۔ گرفتار کیے گئے افراد زائرین کے ویزے پر عراق گئے تھے اورویزہ ختم ہونے کے باوجود وہاں رہائش پذیر تھے ۔واضح رہے کہ پچیس جولائی کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پاکستانی عراق میں غائب ہورہے ہیں ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کمیٹی کے سامنے پاکستانیوں کے حوالے سے انکشافات کئے تھے ۔