لاہور( سٹاف رپورٹر ) پاکستان میں انڈونیشین فلموں کے بعد اب بنگلادیش سے بھی فلمیں درآمد کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور اس سال دو بنگلادیشی فلمیں پاکستانی سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی گئی ہیں۔ اپریل میں ہارر فلم مونا: جن 2 اور نومبر میں ایکشن بلاک بسٹر فلم طوفان ریلیز کی گئیں۔مونا جن 2 بنگلا زبان میں انگلش سب ٹائٹلز کے ساتھ اپریل میں ریلیزہوئی تھی ۔ مگر یہ فلم گزشتہ سال پاکستان میں ریلیز ہونے والی پہلی انڈونیشن ہارر فلم کی طرح فیل ہو گئی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیشی ہارر فلم مونا جن 2 پہلے ہی ہفتے ناکام ٹھہری جس کے بعد یہ سوال پیدا ہو گیا ہے کہ آخر بنگالی اور ملائیشین فلمیں کیوں یہاں ریلیز کی جارہی ہیں؟ دوسری جانب انڈونیشن فلم نے پاکستان میں اچھا بزنس کیا ہے غالبا اسی وجہ سے بنگالی فلموں کو بھی پاکستانی سینماؤں میں دکھانے کا فیصلہ لیا گیا تھا۔ فلموں کی ریلیز کے حوالے سے سینما ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے زوال کی وجہ سے سینما مالکان غیر ملکی اور ہالی وڈ فلمیں دکھا کر سینما گھر چلانے کی کوشش کر رہےہیں۔