اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) ڈالر کی غیر قانونی تجارت کے خلاف پاکستان کے اقدامات سے ترسیلات زر میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کا اعتراف حالیہ بلوم برگ کی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ترسیلات زر گزشتہ برس کے مقابلے میں نومبر تک 5 ماہ کے دوران 34 فیصد اضافے سے14.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے ۔ اسی طرح رواں برس روپے کی قدر میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔
رپورٹ کےمطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی امکان ظاہر کیا تھا کہ رواں برس ترسیلات زر کے ذریعے 35 ارب ڈالر کی آمد متوقع ہے۔ جولائی تا اکتوبر پاکستان کو 11 ارب 85 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جو اوسطاً 2 ارب 96 کروڑ بیس لاکھ ڈالر ماہانہ ہیں۔ واضح رہے کہ عمران خان نے اپنے وکیل فیصل چودھری اور بہن علیمہ خان سے جیل میں ملاقات کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ بیرون ملک میں مقیم پاکستانی ترسیلات زر نہیں بھیجنا چاہتے، پاکستانی تارکین عمران خان کے کہنے پر ملک میں پیسہ بھیجنا بند کر دیں گے ۔